الحمد للہ رب العلمین ۔
اللہ تبارک و تعالیٰ نے قرآن مجید کے تراجم و تفاسیر بمعہ احادیث کی اہم ترین کتب کو کمپیوٹر پر سرچ کی سہولت کے ساتھ لانے کی سعادت فرمائی۔ اللہ تعالیٰ کا جتنا شکر کریں کم ہے اور اللہ تعالیٰ نے جتنی آسانی فرمائی اس کی خاص کرم نوازی اور احسان ہے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے اسے محض اپنے فضل و کرم سے قبول فرما کر موجب برکت و رحمت اور مغفرت کا ذریعہ بنائیں۔ آمین
ادارہ AQFS (القرآن فیکٹس اینڈ سٹیٹسٹکس) کی طرف سے بخاری شریف کی پہلی کاوش (26 اپریل 2007) اور مسلم شریف کی دوسری کاوش کے بعد اسی سلسلے کی یہ مزید کڑیاں ہیں۔ موجودہ صورت میں ، قرآن مجید کے تقریبا ڈیڑہ سو سے زائد تراجم و تفاسیر معہ لفظی تراجم ، قرآن گرائمر و دنیا کے مشہور قراء کی تلاوت شامل ہیں۔ اسکے علاوہ مصباح القرآن جسمیں رنگین قرآن مجید، رنگین اردو عبارتی ترجمہ، رنگین لفظی ترجمہ اور قرآن شریف کے الفاظ جو اردو میں بھی کسی طرح مستعمل ہیں تفصیل دی گئی ہے جس سے قرآن مجید سمجھنے میں آسانی ہوتی ہے۔ اسکے علاوہ 2700 سے زائد موضوعات قرآنی مکمل قرآنی آیت کے ریفرینس کے ساتھ شامل ہیں۔ ان کثیر تراجم و تفاسیر کو تین حصوں تفاسیر اولیٰ (انیسوی صدی سے قبل) ، تفاسیر وسطیٰ (انیسوی صدی کے دوران) اور تفاسیر موجودہ (موجودہ صدی) میں تقسیم کیا گیا ہے جو ان ادوار میں تصنیف کی گئی تھیں۔ اسکے علاوہ تفاسیر اہل تشیع بھی شامل کی گئی ہیں جو "تفاسیر دیگر" سلیکٹ کر کے دیکھی جاسکتی ہیں۔
احادیث کی سب سے مستند چودہ کتب ( مع مکمل صحاح ستہ) و ( مکمل کتب تسعہ) شامل ہیں۔ اسمیں تمام احادیث کا عربی متن بمعہ اعراب و بغیر اعراب شامل ہے۔ ان تمام احادیث کتب کا انگلش ترجمہ بھی شامل ہے۔ بخاری شریف، سنن ابو داؤد، سنن ابن ماجہ، سنن نسائی رنگین بھی شامل ہیں۔ 8600 سے زائد موضوعات حدیث مکمل احادیث کے ریفرینس کے ساتھ شامل ہیں۔ احادیث کے تمام راویوں اور انکی روایت کردہ تمام احادیث شامل ہیں جو ایک کلک کے ساتھ دیکھی جاسکتی ہیں۔ مکررات احادیث (وہ احادیث جو ایک سے زائد ہیں چاہے کسی بھی کتب میں ہوں) کی تفصیل ہر حدیث کے ساتھ شامل ہے۔ ہر حدیث کا موضوع / موضوعات دیے گیے ہیں اور ہر موضوع سے متعلق تمام احادیث ایک کلک کے ساتھ دیکھی جاسکتی ہیں۔ تشریح احادیث کی کتاب مشکوہ شریف بھی شامل ہے۔
میں اور ادارہ کے تمام ممبران ان تمام لوگوں کے بیحد مشکور ہیں جنہوں نے اس کام میں کسی بھی طرح معاونت فرمائی ہے خاص طور پر مہتمم جامعہ اشرفیہ جناب مولانا محمد عبید اللہ صاحب (مرحوم و مغفور) ، موجودہ مہتمم جناب مولانا حافظ فضل الرحیم صاحب، مولانا حافظ اجود عبید صاحب (ناظم شعبہ حفظ و ناظرہ جامعہ اشرفیہ لاہور) ،محمد آصف شیخ صاحب جنہوں نے اس پروگرام کو پھیلانے اور مفید بنانے میں اہم کردار ادا کیا و دیگر اصحاب اکرام جو کسی بھی طور اس کار خیر میں شریک ہیں۔ رنگین احادیث کی ڈیٹے کے لیے IslamicUrduBooks.com کے شکرگزار ہیں۔
میں جناب ہارون احمد صاحب اور جناب اسرار احمد صاحب کا بیحد و حساب مشکور ہوں جنہوں نے اس پورے سوفٹ وئیر کی بلا معاوضہ پروگرامنگ کی اور مسلسل اسکی بہتری و آسان استعمال کے لیے کام کر رہے ہیں۔ جناب یاسر احمد صاحب، جناب شاہزیب صاحب اور جو بھی اسکی پروگرامنگ اور بہتری میں کسی طور پر شریک ہیں۔ جناب ظفر اقبال جنجوعہ صاحب، عبیداللہ اجمل صاحب، حافظ قربان صاحب و دیگر اراکین جو اسکے تراجم، تفاسیر و احادیث کے ڈیٹابیس بنانے اور بہتر کرنے پر کوشاں ہیں۔ میں ان تمام اصحاب کا بھی بہت مشکور ہوں جو اپنی رائے و رہنمائی سے نوازتے رہے ہیں۔ ان تمام اصحاب اور ادارہ کے ممبران کی جزا اللہ تعالیٰ کے پاس ہے اور بلاشبہ وہ اپنی لامحدود رحمت کے صدقہ اپنی شان کے مطابق عطا فرمائیں گے انشاء اللہ۔
اس پروگرام اور اسکے مواد کو آپ کسی بھی طرح استعمال اور کاپی کرسکتے ہیں ۔ ہماری طرف سے پوری اجازت ہے۔ یہ صرف اور صرف رضائے الہی اور اسلام کو بہتر سمجھنے کے لئے ہے۔ (تاہم اسکے مکمل کاپی رایٹس ادارے کے پاس ہیں اور اسمیں کسی قسم کی تبدیلی منع ہے۔ )
اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ اس سعی کو قبول فرمائیں اور مزید کی توفیق عطا فرمائیں ۔ آمین
طالب مغفرت
عبدالعلیم و ممبران ادارہ AQFS
15 شوال 1441 ھ ۔ 07 جون 2020
Email: [email protected]
Web: www.EasyQuranWaHadees.com
نوٹ ۔
ان تمام تراجم و تفاسیر و احادیث کو پروگرام کی شکل میں لانے میں جامعہ اشرفیہ کے تحصیل یافتہ علماء نے بھرپور کردار ادا کیا ہے اور حتی الامکان کوشش کی گئی ہے کہ غلطیوں سے پاک ہو تاہم آپ سے گزارش ہے کہ غلطیوں کی اطلاع
فرمائیں تاکہ ساتھ ساتھ درستگی کی جاسکے ۔ تاہم ادارہ ہر قسم کی ذمہ داری سے بری الذمہ ہے، اس جہان میں بھی اور اگلے جہان میں بھی۔